ناگپور: 14/اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی نے امبیڈکر جینتی پر ناگپور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب نے ایسا آئین بنایا، جس کے تحت سبھی سوالوں کے جوابات آئین میں ملتے ہیں۔انہوں نے امبیڈکر کی دیکشابھومی ناگپور کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب نے زہر پیا، لیکن ہمیشہ زندگی کی بارش کی۔ڈاکٹر امبیڈکر نے ذات پات کے تعصب سمیت زندگی میں بہت سے مسائل کا سامنا کیا لیکن اس سے ان کے ذہن میں تلخی پیدانہیں ہوئی، یہ ان کے کاموں میں نظرآتا ہے۔ان کے کاموں میں کسی طرح کی تلخی یا دشمنی کا احساس نہیں ہوتا، بلکہ انہوں نے سماجی ہم آہنگی کے احساس کو تقویت پہنچایا، یہ ان کی انفرادیت تھی۔اس کے ساتھ ہی ڈیجیٹل کرنسی کے تحت انہوں نے کہا کہ بھیم -آدھار ایپ دنیا کا اپنی قسم کا منفردایپ ہے۔یہاں تک کہ دنیا کے سب سے ترقی یافتہ ممالک میں بھی ایسا نظام نہیں ہے، یہ مکمل طور پر کھیل کو بدلنے والا ثابت ہوگا، یہ پورے ملک میں لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالے گا۔ہر ملک اس نظام کو اپنانا چاہے گا۔ہم اس معاملے میں پیش رفت کرنے والے ہیں اور دوسرے ممالک کے لیے مثال ثابت ہوں گے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھیم ایپ کے ساتھ ریفرل پروگرام شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔اس کے تحت انہوں نے کہا کہ اگر آپ دوسروں کو اس کے جوڑتے ہیں تو آپ کو حوصلہ افزائی کرنے کے لیے انعام دیا جائے گا۔اس کے تحت اگر آپ کسی کو جوڑتے ہیں تو آپ کو 10روپے دئیے جائیں گے۔انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ اگر آپ ایسے 20افراد کو روزانہ جوڑیں تو 200-300روپے کما سکتے ہیں اور پیسے کے لیے والدین پر بھی منحصر نہیں رہنا پڑے گا۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج ہم کئی منصوبوں کی شروعات کر رہے ہیں،بجلی ہماری زندگی کا لازمی حصہ ہے، 21ویں صدی میں یہ ہر شہری کا حق ہے، ترقی تبھی ممکن ہے جب بجلی دستیاب ہو۔اس لحاظ سے ہم نے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں خصوصی توجہ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2022تک سبھی گھروں کو بجلی ملے، اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے حکومت انتھک کوشش کر رہی ہے۔